HAIR MUBAARAK OF PROPHET MUHAMMAD -ZIKR E JAMEEL ﷺ

HAIR MUBAARAK OF PROPHET MUHAMMAD Hair,Hair Mubaarak,Zikr e Jameel,Shamaa'il,

 

موئے مبارک

سوکھے دھانوں پہ ہمارے بھی کرم ہو جائے

چھائے رحمت کی گھٹا بن کے تمہارے گیسو

ہم سیہ کاروں پہ یا رب تپش محشر میں

سایہ افگن ہوں تیرے پیارے کے پیارے گیسو

(اعلیٰ حضرت)

حضور سید المرسلین رحمۃ للعالمین ﷺ کے سر اقدس کے بال مبارک نہ تو بہت گھونگھریالے تھے اور نہ بہت سیدھے، بلکہ دونوں کے بین بین تھے۔ ان بالوں کی درازی میں مختلف روایات ہیں، کانوں کے نصف تک، کانوں کی لَو تک، شانہ مبارک کے نزدیک تک، شانوں تک۔

چنانچہ امیر المومنین حضرت علی کرم اللہ وجہہ فرماتے ہیں۔

وَلَمْ یَکُنْ بِالْجَعْدِ الْقَطِطِ وَلَا بِالسَّبْطِ کَانَ جَعْدًا رَّجِلًا

(جمع الوسائل فی شرح الشمائل، ج۱، ص ۲۶)

حضور ﷺ کے بال مبارک نہ تو بالکل گھونگھریالے تھے اور نہ بالکل سیدھے بلکہ تھوڑی سی پیچیدگی لیے ہوئے تھے۔

حضرت انس ؄ فرماتے ہیں کہ

کَانَ شَعْرُ رَسُوْلِ اللہِ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ اِلٰی نِصْفِ اُذُنَیْہِ

(جمع الوسائل، ج۱، ص ۷۴)

حضور ﷺ کے بال مبارک نصف کانوں تک تھے۔

حضرت براء بن عازب ؄ فرماتے ہیں کہ

عَظِیْمَ الْجُمَّۃِ اِلٰی شَحْمَۃِ اُذُنَیْہِ

(جمع الوسائل، ج۱، ص ۱۷)

آپ کے بال مبارک بہت گنجان تھے اور کانوں کی لو تک آتے تھے۔

ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ ؅فرماتی ہیں کہ

لَہٗ شَعْرٌ فَوْقَ الْجُمَّۃِ وَ دُوْنَ الْوَفْرَۃِ

(جمع الوسائل، ج۱، ص ۷۶)

Hair,Shamaa'il,Prophet,

آپ کے بال مبارک کانوں کی لو سے کچھ بڑے اور شانوں سے کم تھے۔

حضرت براء بن عازب ؄ فرماتے ہیں کہ:

لَہٗ شَعْرٌ یَّضْرِبُ مَنْکِبَیْہِ

(جمع الوسائل، ج۱، ص ۲۰)

آپ کے بال مبارک کندھوں پر پڑتے تھے۔

حضرت انس ؄ فرماتے ہیں کہ حضور ﷺ

یُکْثِرُدَہْنَ رَاْسِہٖ وَ تَسْرِیْحَ لِحْیَتِہٖ

(جمع الوسائل، ج۱، ص ۸۴)

اپنے سر مبارک پر اکثر تیل لگایا کرتے اور اپنی داڑھی مبارک میں اکثر کنگھی کیا کرتے تھے۔

ان روایات میں تطبیق یوں ہو سکتی ہے کہ ان کو مختلف اوقات پر محمول کیا جائے یعنی جب آپ بال کٹوا دیتے تو نصف کانوں تک رہ جاتے پھر بڑھ کر گوش یا نرمۂ گوش یا کبھی شانہ مبارک تک پہنچ جاتے۔ آپ ان بالوں کے دو حصے فرماتے اور درمیان میں مانگ نکالا کرتے۔ کچھ بال رکھنے کو اور کچھ کاٹنے (جیسے آج کل انگریزی فیشن ہے) کو سخت منع فرماتے۔